ہم نے ایران کی قیادت ختم کر دی، یہ رجیم چینج ہے، نئی قیادت معاہدہ کرنے جا رہی ہے
واشنگٹن(بولونیوز) ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں اب کوئی قیادت باقی نہیں رہی اور یہ صورتحال ایک مکمل رجیم چینج کی عکاسی کرتی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایران میں امریکہ شاندار کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ایران اس بات پر رضامند ہو چکا ہے کہ وہ کبھی بھی جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار ایران سمجھداری سے بات کر رہا ہے اور امریکہ اب ایسے لوگوں سے مذاکرات کر رہا ہے جو معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کی نیوی اور ایئر فورس کو تباہ کر دیا گیا ہے اور ایرانی قیادت کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق ایران کی جانب سے امریکہ کو ایک قیمتی تحفہ بھیجا گیا جو تیل اور گیس سے متعلق تھا اور اس کا تعلق آبنائے ہُرمُز سے تھا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں اب نئی قیادت سامنے آ چکی ہے اور دیکھنا یہ ہے کہ وہ کس طرح کام کرتی ہے۔ ان کے مطابق ایران کی نئی قیادت معاہدہ کرنے جا رہی ہے، جبکہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر نے ایران کے معاملے میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایران سے ہونے والی بات چیت میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو، نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کُشنر بھی شامل ہیں۔


