پاکستان ریلویز کو عید کے تین دنوں میں مسافر ٹرینوں سے ریکارڈ آمدن
لاہور(بولونیوز)پاکستان ریلویز نے عید کے تین دنوں کے دوران مسافر ٹرینوں سے ریکارڈ آمدن حاصل کر کے نیا سنگِ میل عبور کر لیا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق عید کے پہلے دن 11 کروڑ روپے، دوسرے دن 17 کروڑ روپے جبکہ تیسرے دن 20 کروڑ روپے سے زائد آمدن ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پاکستان ریلویز کو صرف پسنجر ٹرینوں سے 1 ارب روپے سے زائد کی آمدن حاصل ہوئی، جو ادارے کی تاریخ میں ایک نمایاں کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ریکارڈ آمدن کو مثبت پالیسیوں اور بہتر انتظامی اقدامات کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے ریلوے انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مسافروں کی سہولیات میں مزید بہتری کے لیے کام تیز کیا جائے۔
محمد حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ بہتر سہولیات اور مضبوط ٹریک مسافروں کا بنیادی حق ہے اور ان دونوں شعبوں پر بیک وقت کام جاری ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ تین سال میں کراچی سے روہڑی تک ریلوے ٹریک کو مکمل طور پر اپ گریڈ کر دیا جائے گا، جس سے سفر مزید محفوظ اور آرام دہ ہو جائے گا۔


