میرا سیاسی اور عوامی کردار مراد علی شاہ ادا کریں گے، گورنر سندھ

کراچی(بولونیوز)یومِ پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ مزارِ قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ ان کا سیاسی اور عوامی کردار وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ادا کریں گے، اور دونوں مل کر صوبے کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے کام جاری رکھیں گے۔

نہال ہاشمی نے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قیدی نمبر 804 کا مقدمہ عدالت میں زیرِ التوا ہے، حکومت کسی کو رہا نہیں کر سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر عدالت انہیں بے گناہ سمجھتی ہے تو عدالت ہی رہائی دے سکتی ہے، حکومت عدالتی معاملات میں مداخلت نہیں کرتی۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ یومِ پاکستان ہمیں قائداعظم کے اصولوں پر چلنے، آئین کی پاسداری اور جمہوری اقدار کو مضبوط کرنے کا پیغام دیتا ہے، اور موجودہ قیادت اسی وژن کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔

تقریب میں صوبائی وزراء، مشیران اور اعلیٰ حکام بھی شریک تھے، جبکہ ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *