گورنر سندھ کا عمران خان کے وکلاء کو بہتر پیروی کا مشورہ

کراچی(بولونیوز) گورنر سندھ نہال ہاشمی نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کے وکلاء کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عدالتی مقدمات کی پیروی بہتر اور مؤثر انداز میں کریں۔

کراچی میں مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی حکومت کا نہیں بلکہ عدالتوں کا اختیار ہے۔ اگر عدالت انہیں بے گناہ قرار دیتی ہے تو رہائی دے سکتی ہے، حکومت عدالتی معاملات میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کر سکتی۔

نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست اقدار کی سیاست ہے، اقتدار کی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ ان کا تعلق بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی جماعت سے ہے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ان کے قائد نواز شریف کی سیاست پاکستان کو مضبوط بنانے کی سیاست ہے اور وہ خود کو آئین سے بالاتر نہیں سمجھتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مراد علی شاہ کے ساتھ مل کر سندھ کی خوشحالی کے لیے کام کریں گے۔

اس سے قبل گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ مزارِ قائد پر حاضری دی اور ملک کی ترقی و استحکام کے لیے دعا کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *