جمعرات کو شوال کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں، پاکستان میں عیدالفطر ہفتہ 21 مارچ کو ہوگی
لاہور(بولونیوز)سیکرٹری جنرل رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے مطابق جمعرات 19 مارچ 2026ء کی شام شوال المکرم کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شوال المکرم 1447ھ کا آغاز ہفتہ 21 مارچ 2026ء سے ہوگا، جس کے مطابق پاکستان میں عیدالفطر 30 روزے مکمل ہونے کے بعد ہفتہ 21 مارچ 2026ء کو منائی جائے گی۔
سیکرٹری جنرل کے مطابق نیا چاند جمعرات 19 مارچ 2026ء کو صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوگا۔ تاہم 29 رمضان المبارک کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 13 گھنٹوں سے کم ہوگی، جبکہ رویت کے لیے کم از کم 19 گھنٹے درکار ہوتے ہیں، اس لیے چاند نظر آنا ممکن نہیں۔
مزید بتایا گیا کہ غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق کراچی میں 26 منٹ اور پشاور میں 30 منٹ ہوگا، جبکہ چاند کی رویت کے لیے کم از کم 40 منٹ کا فرق ضروری ہوتا ہے۔
ان فلکیاتی حقائق کی بنیاد پر شوال کے چاند کی رویت ممکن نہیں اور ملک بھر میں عیدالفطر ہفتہ 21 مارچ 2026ء کو ہونے کا امکان ہے۔


