بنگلہ دیش سے شکست پر شاہد آفریدی کا سلیکشن کمیٹی پر شدید تنقید
اسلام آباد(بولونیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں شکست اور ٹی 20 ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد قومی سلیکشن کمیٹی پر کڑی تنقید کی ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ٹیم کی حالیہ ناکامیوں کی بنیادی ذمہ داری سلیکشن کمیٹی پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے اراکین نے خود کھیل کا تجربہ حاصل کیا ہے، مگر اس کے باوجود وہ یہ اندازہ نہیں کر پاتے کہ کس فارمیٹ کے لیے کون سا کپتان یا کھلاڑی موزوں ہے۔
آفریدی نے نشاندہی کی کہ ٹیم میں مسلسل تبدیلیاں اور نوجوان کھلاڑیوں کو بغیر مناسب ڈومیسٹک یا فرسٹ کلاس تجربے کے شامل کرنا ٹیم کے استحکام کے لیے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار نئے کھلاڑیوں کو کیپ دینا مسئلے کا حل نہیں بلکہ ٹیم کی کارکردگی اور استحکام کو متاثر کر رہا ہے۔
سابق آل راؤنڈر نے یہ بھی کہا کہ ون ڈے فارمیٹ میں اچھا ریکارڈ رکھنے والے سینئر کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنا درست نہیں، انہیں ٹیم میں برقرار رکھا جانا چاہیے تھا۔


