امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران کے خلاف جارحانہ بیانات کا سلسلہ جاری
واشنگٹن(بولونیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری امریکی کارروائیوں کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کیا ہے اور ایرانی قیادت اور فوجی ڈھانچے کو مکمل تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی دہشتگرد حکومت کو عسکری اور معاشی طور پر مکمل تباہ کر دیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ایرانی بحریہ اور فضائیہ کا وجود ختم ہو چکا ہے اور ایرانی میزائل اور ڈرونز بھی تباہ کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی قیادت کو روئے زمین سے مٹایا جا رہا ہے اور امریکی فوج کے پاس بے پناہ طاقت اور لامحدود گولہ بارود موجود ہے۔ صدر ٹرمپ نے ایران پر 47 سالوں سے جاری مبینہ ظلم اور قتل و غارت کے الزامات بھی لگاتے ہوئے کہا کہ “یہ بدمعاش اب ختم کیے جا رہے ہیں”۔
امریکی صدر نے ایران کے خلاف جاری آپریشن کی کامیابیوں کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ نیویارک ٹائمز جھوٹی خبریں پھیلا رہا ہے اور آپریشن مزید جاری رہے گا، آج مزید بڑی کارروائیاں دیکھنے کو ملیں گی۔
یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی شدید ہو چکی ہے اور عالمی سطح پر خطے میں ممکنہ تنازعات کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔


