مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللّٰہ مبینہ قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے
سری نگر(بولونیوز)ڈاکٹرفاروق عبداللّٰہ،سابق وزیراعلیٰ اورنیشنل کانفرنس کےرہنما،مبینہ قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے۔ڈاکٹر فاروق عبداللّٰہ ایک شادی کی تقریب میں شریک تھے جب اچانک ایک شخص نے انتہائی قریب سے ان پر پستول سے فائر کرنے کی کوشش کی۔ تاہم، سیکیورٹی اہلکار نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو قابو کر لیا اور سابق وزیراعلیٰ کو محفوظ نکالا۔
واقعے کے دوران کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا۔ ملزم کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی ہے اور پولیس اس کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر کے موجودہ وزیراعلیٰ عمر عبداللّٰہ نے اپنے والد کی جان بچنے پر اللہ کا شکر ادا کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پرامن رویہ اختیار کریں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی خطرے سے بچا جا سکے۔


