یو این سلامتی کونسل میں ایران کے حملوں کے خلاف قرارداد منظور

اسلام آباد(بولونیوز)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کی جانب سے پڑوسی ممالک پر کیے گئے حملوں کے خلاف قرارداد منظور کر لی گئی۔ اجلاس کے دوران ایران کے حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔

سلامتی کونسل میں خلیجی ممالک کی جانب سے تیار کردہ مسودۂ قرارداد کے حق میں 13 ووٹ آئے، جب کہ ووٹنگ کے دوران چین اور روس غیر حاضر رہے۔

بحرین کے مندوب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ایران کے حملوں کی مذمت سے متعلق اس قرارداد کو 135 ممالک نے مشترکہ طور پر اسپانسر کیا، جو اقوام متحدہ کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی خلیجی ممالک کی جانب سے ایران کے خلاف پیش کی گئی اس قرارداد کا شریک معاون تھا۔

یہ اقوام متحدہ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی قرارداد کو 135 شریک معاونین کی حمایت حاصل ہوئی ہو۔ اس سے قبل ایبولا کے حوالے سے پیش کی گئی قرارداد کو 134 ممالک کی حمایت حاصل تھی۔

ادھر ذرائع کے مطابق آئندہ مرحلے میں ایران سے متعلق روس کی جانب سے اقوام متحدہ میں پیش کی گئی ایک علیحدہ قرارداد پر ووٹنگ کیے جانے کا امکان ہے۔

سیاسی و سفارتی مبصرین کے مطابق اس قرارداد کی منظوری مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *