بلوچستان کو تھانوں اور چیک پوسٹوں نہیں، قلم اور کتاب کی ضرورت ہے
کوئٹہ(بولونیوز) مولانا ہدایت الرحمن بلوچ امیر جماعت اسلامی بلوچستان نے کہا ہے کہ بلوچستان کو تھانوں، چیک پوسٹوں اور آپریشنز کے بجائے معیاری تعلیم، تعلیمی اداروں، قلم اور کتاب کی اشد ضرورت ہے۔ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کی درست فکری و اخلاقی رہنمائی ہی ایک مضبوط اور باوقار معاشرے کی ضمانت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبا کوئٹہ کے زیر اہتمام افطار ڈنر بعنوان “طالبعلم کی تعلیمی و اخلاقی ضرورت: اسلامی جمعیت طلبا” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ تقریب کوئٹہ کے ایک مقامی میرج ہال میں منعقد ہوئی۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبا نے ہمیشہ تعلیمی اداروں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ، طلبا کے مسائل کے حل اور اسلامی و اخلاقی اقدار کے استحکام کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
تقریب سے احسان اللہ ناصر (ناظم اسلامی جمعیت طلبا بلوچستان)، اخونزادہ عطاالرحمن (ناظم اسلامی جمعیت طلبا کوئٹہ)، نصیب اللہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامی جمعیت طلبا ملک کی سب سے بڑی اور منظم طلبہ تنظیم ہے جو طلبا کی تعلیمی، فکری اور اخلاقی تربیت کے ساتھ ساتھ ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہی ہے۔
تقریب میں اسلامی جمعیت طلبا کے قائدین، طلبا اور دیگر معزز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


