سندھ میں آوارہ کتوں اور ریبیز پروگرام کی عدم کارکردگی، عدالت نے چار ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی
کراچی(بولونیوز)سندھ میں آوارہ کتوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ کرنے اور ریبیز ویکسین پروگرام کی عدم دستیابی کے خلاف کیس میں عدالت نے صوبائی حکومت اور دیگر فریقین سے چار ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹس طلب کر لیں۔
درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ سال 2025 میں صوبے میں کتوں کے کاٹنے سے 22 شہری ہلاک ہوئے جبکہ صرف شہر میں 41 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔
درخواست گزار کے مطابق عدالت نے 2024 میں آوارہ کتوں کی آبادی کو کنٹرول کرنے اور ریبیز کنٹرول پروگرام فعال کرنے کے احکامات جاری کیے تھے، مگر اب تک پروگرام شروع نہیں کیا گیا۔
مزید یہ کہ کے ایم سی ہیلپ لائن نمبر 1093 بھی اس حوالے سے غیر فعال ہے، جس سے شہری مدد سے محروم ہیں۔
عدالت نے صوبائی حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ چار ہفتوں کے اندر مکمل رپورٹ پیش کریں تاکہ آوارہ کتوں کے مسئلے اور ریبیز کنٹرول پروگرام میں تاخیر کی وجوہات سامنے آئیں۔


