ایران کا کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر حملوں کا دعویٰ
تہران(بولونیوز)ایران کی اسلامی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خلیجی خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 100 امریکی فوجی زخمی ہو گئے۔
ایران کا کہنا ہے کہ کویت میں واقع امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں العدیری ہیلی کاپٹر بیس، محمد الاحمد نیول بیس اور علی السالم ایئر بیس شامل ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والے امریکی فوجیوں کو کویت کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایرانی بیان کے مطابق بحرین میں امریکی بحریہ کی میزبانی کرنے والے ایک بحری اڈے کو بھی میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا گیا۔ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک 37 لہروں میں میزائل اور ڈرون حملے کیے جا چکے ہیں، جن کا ہدف اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی فوجی اڈے تھے۔
تاہم اس حوالے سے امریکی حکام کی جانب سے تاحال کسی جانی نقصان یا زخمیوں کی تعداد کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔


