پی آئی بی کالونی میں غیر قانونی تعمیرات جاری، ایس بی سی اے افسران پر سرپرستی کے الزامات

کراچی(بولونیوز)پی آئی بی کالونی میں مبینہ طور پر غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر وقار ہاشمی کی مبینہ سرپرستی میں بعض بلڈرز منظور شدہ نقشوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات میں مصروف ہیں۔

اطلاعات کے مطابق پی آئی بی کالونی کے پلاٹ نمبر 195 اور پلاٹ نمبر J-46 پر بلڈر نے اگرچہ ایس بی سی اے سے نقشہ منظور کروایا ہے، تاہم اس کے برعکس اضافی فلورز اور غیر قانونی اسٹرکچر تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منظور شدہ پلان کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار شکایات درج کروائیں، مگر متعلقہ افسران کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس کے باعث بلڈر بلاخوف و خطر غیر قانونی تعمیرات جاری رکھے ہوئے ہے۔

شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پی آئی بی کالونی میں جاری غیر قانونی تعمیرات کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ دار افسران و بلڈرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

دوسری جانب اس معاملے پر ایس بی سی اے حکام سے مؤقف لینے کی کوشش کی گئی، تاہم تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *