کراچی میں کئی پیٹرول پمپوں پر پیٹرول نایاب، شہریوں کو مشکلات کا سامنا
کراچی(بولونیوز)مختلف علاقوں میں متعدد پیٹرول پمپوں پر پیٹرول کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کئی مقامات پر پیٹرول ختم ہونے کی وجہ سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال حیران کن ہے کہ ایک ہی وقت میں شہر کے مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپوں پر پیٹرول ختم ہو گیا، جس سے شکوک پیدا ہو رہے ہیں کہ کہیں یہ ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی قلت کا نتیجہ تو نہیں۔
دوسری جانب بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی سپلائی میں عارضی رکاوٹ کے باعث چند پمپوں پر کمی پیدا ہوئی ہے، تاہم متعلقہ حکام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور اگر ذخیرہ اندوزی ہو رہی ہے تو اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔


