ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کی جانب سے ماہ فروری 2026 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی
کراچی(بولونیوز)ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان اور ڈی آئی جی ویسٹ زون کراچی عرفان بلوچ کی ہدایات پر ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کی مؤثر قیادت اور جامع حکمتِ عملی کے تحت ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے ماہ فروری 2026 کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور، مربوط اور نتیجہ خیز کارروائیاں عمل میں لائیں۔ اس عرصہ کے دوران اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی، منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کیا گیا جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔
اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کارروائیاں
ماہ فروری میں مجموعی طور پر 42 پولیس مقابلے ہوئے جن میں جرائم پیشہ عناصر کا بھرپور مقابلہ کیا گیا۔ ان کارروائیوں کے دوران 1 خطرناک ملزم ہلاک، 50 زخمی جبکہ 32 ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا گیا۔ اس طرح کل 82 ملزمان قانون کی گرفت میں آئے۔ یہ کارروائیاں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کی گئیں اور متعدد وارداتیں بروقت ناکام بنائی گئیں۔
غیر قانونی اسلحہ کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن
ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور نمائش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 108 مقدمات درج کیے اور 107 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 104 پستول، 2 ریپیٹر اور 341 راؤنڈ برآمد کیے گئے۔ یہ اسلحہ مختلف وارداتوں میں استعمال ہونے کا خدشہ تھا جسے بروقت تحویل میں لے کر ممکنہ جرائم کو روکا گیا۔
ریپیٹ آفینڈرز اور رابروں کے خلاف خصوصی مہم
عادی مجرمان اور ڈکیتی میں ملوث عناصر کے خلاف خصوصی ٹارگٹڈ کارروائیوں کے نتیجے میں 35 ریپیٹ آفینڈرز اور 19 رابروں کو گرفتار کیا گیا۔ یہ ملزمان ماضی میں بھی سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں اور ان کی گرفتاری سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
چھینی گئی املاک کی برآمدگی
پولیس نے شہریوں سے چھینی گئی اور چوری شدہ قیمتی املاک کی برآمدگی کے لیے خصوصی اقدامات کیے۔ کارروائیوں کے دوران 2 کاریں ، 22 موٹر سائیکلیں اور 52 موبائل فون برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کرنے کا عمل شروع کیا گیا۔ اس اقدام سے شہریوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
گینگز کے خلاف کامیاب کارروائیاں
ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے 24 گینگز کو بے نقاب کیا جبکہ 107 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ان کارروائیوں سے منظم جرائم کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
اشتہاری و مفرور ملزمان کی گرفتاری
قانون سے فرار عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 11 اشتہاری اور 52 مفرور ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ یہ ملزمان مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب تھے اور عرصہ دراز سے گرفتاری سے بچنے کی کوشش کر رہے تھے۔
منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن
منشیات جیسے سماجی ناسور کے خلاف کارروائیوں میں 56 مقدمات درج کیے گئے اور 75 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے 13.5 کلو گرام چرس، 1 کلو گرام آئس اور 255 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ یہ کارروائیاں نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اظہار ہیں۔
گٹکا/ماوا کے خلاف کارروائی
مضر صحت گٹکا و ماوا فروخت کرنے والوں کے خلاف 62 مقدمات درج کیے گئے اور 83 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران 5267 پیکٹس گٹکا/ماوا اور 378 کلو گرام چھالیہ برآمد کی گئی۔
رابری کیسز کی ڈیٹیکشن
ماہ فروری کے دوران مجموعی طور پر 16 رابری و اسٹریٹ کرائم کے مقدمات جو نیو کراچی، ایف بی انڈسٹریل ایریا، سرسید، نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا، عزیز آباد، گلبرگ، بلال کالونی، ناظم آباد اور شاہ نور جہاں میں رپورٹ ہوئے کو ٹریس کرکے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ یہ کامیابیاں جدید تفتیشی طریقہ کار، سی سی ٹی وی فوٹیج اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر حاصل کی گئیں۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس جرائم کے مکمل خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور آئندہ بھی اسی جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے گی۔


