قطر کے ایل این جی پلانٹ کی بندش، پاکستان میں گیس بحران کا خدشہ

اسلام آباد(بولونیوز)ایرانی حملوں کے بعد قطر نے اپنا اہم ایل این جی پروڈکشن پلانٹ عارضی طور پر بند کر دیا، جس کے باعث پاکستان میں گیس کے بڑے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی حملوں کے نتیجے میں قطر کے اہم پروڈکشن زون کو نشانہ بنایا گیا، جہاں موجودہ نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ یہ وہ علاقہ ہے جہاں سے قطر عالمی سطح پر مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی برآمد کرتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ قطر سے ایل این جی کی سپلائی معطل ہونے سے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پر شدید اثر پڑ سکتا ہے، کیونکہ پاکستان ماہانہ تقریباً پانچ ایل این جی جہاز قطر سے درآمد کرتا ہے تاکہ ملک کی گیس کی طلب پوری کی جا سکے۔

توانائی کے شعبے سے وابستہ ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ سپلائی میں تعطل کے نتیجے میں ملک میں صنعتی اور گھریلو صارفین کو گیس کی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس سے عوام اور کاروباری شعبے میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

حکومت پاکستان نے فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لینے اور متبادل ذرائع سے گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *