ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد کراچی میں سیکیورٹی سخت، اہم سڑکیں بند

کراچی(بولونیوز)ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد شہر میں آج بھی مظاہروں کے خدشات کے پیشِ نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور متعدد اہم سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔ ریڈزون ایریاز پر کنٹیرز لگائے گئے ہیں تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس جانے والے تمام راستے بند ہیں، جبکہ شارعِ فیصل پر ایف ٹی سی کے مقام سے ریڈزون کی جانب جانے والی سڑک بھی بند کر دی گئی ہے۔

مزید برآں، آئی آئی چندریگر روڈ سے مائی کلاچی جانے والا پل بند ہے، اور مائی کلاچی اور ایم ٹی خان روڈ پر ٹریفک مکمل طور پر معطل رہے گی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بوٹ بیسن سے جناح برج جانے کے لیے تین تلوار، کلفٹن برج، میٹروپول، اور فوارہ چوک کے متبادل راستے اختیار کریں۔

اسی طرح آئی سی آئی چوک سے ماڑی پور روڈ اور بوٹ بیسن جانے والے شہری جناح برج یا آئی آئی چندریگر روڈ استعمال کر سکتے ہیں، اور پی آئی ڈی سی سگنل سے شاہراہ فیصل کے مسافر شاہین کمپلیکس اور آئی آئی چندریگر روڈ کے ذریعے جناح برج پہنچ سکتے ہیں۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی وجوہات کی بنا پر بند راستوں سے گزرنے کی کوشش نہ کریں اور متبادل راستے اختیار کریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *