ایران پر حملہ امریکی قانون کے مطابق ہے یا نہیں؟ امریکا میں شدید بحث چھڑ گئی

واشنگٹن(بولونیوز)ایران پر امریکی حملے کے بعد امریکا کے اندر یہ بحث شدت اختیار کر گئی ہے کہ آیا یہ کارروائی امریکی آئین اور قانون کے مطابق تھی یا نہیں۔ کانگریس کو پیشگی اطلاع نہ دینے کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان شدید اختلافِ رائے سامنے آ گیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ ایران پر حملے سے متعلق اہم امریکی قانون سازوں کو اعتماد میں لیا گیا تھا۔ ان کے مطابق انہوں نے انٹیلی جنس معاملات پر نظر رکھنے والے اعلیٰ قانون ساز گروپ ’گینگ آف ایٹ‘ اور کانگریسی قیادت کو حملے کی اطلاع دی تھی۔

تاہم اس بیان پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ’گینگ آف ایٹ‘ کے رکن اور ڈیموکریٹ رہنما سینیٹر مارک وارنر نے حکومتی مؤقف سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے امریکا کو کوئی ایسا فوری خطرہ موجود نہیں تھا جو حملے کو ناگزیر بناتا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق امریکا میں صدر کے جنگی اختیارات، کانگریس کے کردار اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری پر یہ بحث آئندہ دنوں میں مزید شدت اختیار کر سکتی ہے، جبکہ اس معاملے پر کانگریس میں باضابطہ سماعتوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *