کسٹمز حکام کی بڑی کارروائی، منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

جیکب آباد(بولونیوز) ڈپٹی کلیکٹر اینٹی اسمگلنگ یونٹ لاڑکانہ کی ہدایت پر پاکستان کسٹمز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

کسٹم چیک پوسٹ کے انچارج کسٹم انسپکٹر ہریش کمار کے مطابق شکارپور میں سول اسپتال روڈ پر دورانِ چیکنگ موٹر سائیکل سوار تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے 24 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کی گئی، جس کی مالیت 41 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔ کارروائی کے دوران موٹر سائیکل اور دو موبائل فون بھی تحویل میں لے لیے گئے۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں دو خواتین اور ایک مرد شامل ہیں، جن کی شناخت دیدار علی، نجمہ اور امیر خاتون کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان بلوچستان سے سندھ کی جانب منشیات اسمگلنگ اور سپلائی میں ملوث تھے۔

کسٹمز حکام نے ملزمان کو حراست میں لے کر محکمہ جاتی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *