ایئرپورٹ پک اینڈ ڈراپ پر دو افراد سے زائد کے آنے پر پابندی عائد، سندھ حکومت
کراچی(بولونیوز)سندھ حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر کراچی میں ایئرپورٹ پک اینڈ ڈراپ پر دو افراد سے زائد کے آنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کا اعلان صوبائی وزیرِ داخلہ ضیاء الحسن لنجار کی زیرِ صدارت سیکیورٹی تھریٹس سے متعلق ہونے والے ایک اہم اجلاس کے بعد کیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، آئی جی سندھ اور دیگر متعلقہ افسران نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ماضی کے واقعات اور حادثات کے تناظر میں سخت مگر ضروری فیصلے کرنا ناگزیر ہیں۔ ایئرپورٹ پر رش کے باعث سیکیورٹی چیلنجز بڑھ جاتے ہیں، اس لیے سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے پک اینڈ ڈراپ پر صرف ایک سے دو افراد کو آنے کی اجازت ہوگی۔
وزیرِ داخلہ نے مزید ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں جائے حادثہ پر فوری ردِعمل کے لیے جامع ایس او پیز مرتب کی جائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان روابط مزید مضبوط کیے جائیں تاکہ مؤثر کوآرڈینیشن یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ سندھ کی تمام جیلوں میں تلاشی کے لیے جدید ایپ ڈیوائسز کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ صوبے بھر کے داخلی اور خارجی پوائنٹس پر لیڈی سرچرز کی تعیناتی کو لازمی قرار دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق یہ تمام اقدامات احتیاطی بنیادوں پر کیے گئے ہیں تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔


