اسرائیل کا ایران پر حملہ، تہران میں دھماکے، خطے میں کشیدگی میں شدید اضافہ
ایران(بولونیوز)اسرائیل نے ایران پر حملہ کر دیا ہے، جس کی تصدیق صہیونی وزیر دفاع کی جانب سے بھی کر دی گئی ہے۔ حملوں کے بعد ایرانی دارالحکومت تہران میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ متعدد مقامات سے دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔
تہران کی یونیورسٹی اسٹریٹ میں متعدد میزائل گرنے کی اطلاعات ہیں، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم ایرانی حکام کی جانب سے تاحال جانی و مالی نقصان سے متعلق سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب ایران پر حملوں کے بعد اسرائیلی شہروں میں سائرن بج اٹھے، جبکہ اسرائیلی حکام نے شہریوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسرائیل بھر میں تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔
عالمی برادری کی جانب سے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ خطے میں ممکنہ مزید کشیدگی کے خدشات بڑھتے جا رہے ہیں۔


