کراچی میں ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کا کومبنگ آپریشن، 35 ملزمان گرفتار
کراچی(بولونیوز) موجودہ حالات کے پیشِ نظر ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے ضلع بھر کے مختلف اور حساس مقامات پر کومبنگ اور سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران مجموعی طور پر 35 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں ایک اسٹریٹ کریمنل، عارضی رہائش ایکٹ کے تحت 9 افراد، 17 غیر قانونی افغان باشندے اور 8 جواری شامل ہیں۔ کومبنگ آپریشن کے دوران علاقوں کو مکمل طور پر کارڈن آف کر کے گھروں اور رہائشی ہوٹلز کی تلاشی لی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تلاش ایپ ڈیوائس کے ذریعے مشتبہ افراد کا ڈیٹا چیک کیا گیا اور ان سے تفصیلی پوچھ گچھ بھی کی گئی۔ یہ آپریشن ایس ڈی پی اوز کی نگرانی میں انجام دیا گیا، جس میں ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، ہمراہ ملازمان اور لیڈیز کانسٹیبلان بھی شریک تھیں۔
ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے ایسے آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے۔


