فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کا رمضان فلسطین کے ساتھ منانے کا اعلان

کراچی(بولونیوز)فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے جمعرات کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا ہے کہ ماہِ رمضان المبارک کو “رمضان فلسطین کے ساتھ” کے عنوان سے منایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق:

اس سلسلے میں ملک بھر میں سیمینارز، کانفرنسز، احتجاجی ریلیاں، تصویری نمائشیں اور آگاہی مہمات کا انعقاد کیا جائے گا۔

رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو ملک گیر سطح پر “یومِ القدس” منایا جائے گا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس دن کے اجتماعات کو سرکاری سطح پر بھی منانے کے اقدامات کرے۔

پریس کانفرنس میں مختلف سیاسی و مذہبی رہنما شریک تھے جن میں سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، ایم کیو ایم رہنما محفوظ یار خان، ایم ڈبلیو ایم رہنما علامہ باقر عباس زیدی، جماعت اسلامی رہنما مسلم پرویز، پی پی رہنما ارشد نقوی، اے این پی رہنما یونس بنیری، جے یو پی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی، کشمیری رہنما بشیر سید وزئی، پی ٹی آئی رہنما اسرار عباسی اور مسلم لیگ ن رہنما اظہر علی ہمدانی شامل تھے۔

رہنماوں کا کہنا تھا کہ رمضان کے دوران فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کو منظم اور مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا تاکہ عوام کو فلسطین کی موجودہ صورتحال، انسانی المیے اور جدوجہدِ آزادی سے آگاہ کیا جا سکے اور پاکستان میں عوامی سطح پر بھرپور حمایت کو فروغ دیا جا سکے۔

اہم پروگرامز میں شامل ہیں:

یکم مارچ کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں یکجہتی فلسطین کانفرنس

جامعات کے طلبہ کی جانب سے تصویری نمائش

دیگر شہروں میں القدس کانفرنسز اور کل جماعتی اجتماعات

یومِ القدس کے موقع پر ایم اے جناح روڈ پر گرینڈ تصویری نمائش

رہنماوں نے مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ سفارتی و تجارتی تعلقات ختم کریں اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے فلسطینی عوام کی عملی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مہاجرین کا حقِ واپسی اقوامِ متحدہ کی قراردادوں میں تسلیم شدہ ہے اور فلسطین میں آزاد و شفاف ریفرنڈم کے ذریعے اصل باشندوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جانا چاہیے۔

رہنماوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ یومِ القدس کے اجتماعات میں بھرپور شرکت کریں اور فلسطینی عوام کے حق میں اپنی آواز بلند کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *