گڈاپ سٹی میں پولیس مقابلہ، دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی(بولونیوز)ضلع ملیر کے علاقے گڈاپ سٹی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
پولیس کے مطابق تھانہ گڈاپ سٹی کی ٹیم دورانِ پیٹرولنگ مین سپر ہائی وے پر واقع PSO چکوال پیٹرول پمپ کے قریب پہنچی تو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ اس دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ملزمان زخمی ہو گئے جنہیں گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت زہیب وارث ولد وارث گجر (عمر تقریباً 24 سے 25 سال) اور راشد جاوید ولد راشد (عمر تقریباً 28 سے 30 سال) کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو عدد 9 ایم ایم پستول بمعہ چھ راؤنڈ، دو موبائل فون اور ہنڈا 100 موٹر سائیکل نمبر KTK-5778 برآمد ہوئی۔ ابتدائی تفتیش میں موٹر سائیکل تھانہ ملیر کینٹ کی حدود سے سرقہ بالجبر کی واردات میں چھینی گئی بتائی جا رہی ہے۔
زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ملزمان کے کرمنل ریکارڈ کی جانچ پڑتال جاری ہے۔
ایس ایچ او تھانہ گڈاپ سٹی کے مطابق واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان کے خلاف ضابطے کے مطابق قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔


