وصی اللہ لاکھو گروہ کے خلاف بڑی کارروائی، دو بھتہ خور و شوٹر گرفتار، سنسنی خیز انکشافات

کراچی(بولونیوز)وفاقی حساس ادارے اور ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ وصی اللہ لاکھو گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے اہم پیش رفت حاصل کر لی۔ رات گئے مشترکہ ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران پولیس مقابلہ ہوا، جس کے بعد دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔

ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق گرفتار ملزمان وصی اللہ لاکھو کے بھتہ خور اور شوٹر نکلے۔ ملزمان کے موبائل فونز سے وصی اللہ لاکھو کے وائس میسجز، چیٹ پیغامات، کنسٹرکشن کے کام کی ریکی سے متعلق ویڈیوز اور تصاویر بھی برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وائس میسجز میں وصی اللہ لاکھو ملزمان کو وارداتوں کے لیے ہدایات دے رہا تھا اور نئے ٹارگٹس بھی بتا رہا تھا۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان مسلسل وصی اللہ لاکھو سے رابطے میں تھے۔

گرفتار ملزم احمد عرف جوجو کنسٹرکشن سے منسلک افراد کی ویڈیوز بنا کر وصی اللہ لاکھو کو بھیجتا تھا، جبکہ بھتہ وصولی کے لیے وقتاً فوقتاً ہدایات بھی لیتا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے پراپرٹی سے منسلک ایک شخص کے بیٹے کو اغواء کرنے کا منصوبہ بھی بنایا تھا، جبکہ لیاری میں بھتہ نہ دینے پر ایک کنسٹرکشن ڈیلر کو قتل کرنے کا ٹاسک بھی دیا گیا تھا۔

مزید انکشافات کے مطابق ملزم اپنے ساتھی شہزاد ارباب (شوٹر) کو پراپرٹی ڈیلرز کے دفاتر پر فائرنگ کے لیے بھیجتا تھا تاکہ خوف و ہراس پھیلا کر بھتہ وصول کیا جا سکے۔ فائرنگ کے لیے اسلحہ اور موٹر سائیکلیں بھی فراہم کی جاتی تھیں۔ ملیر کے علاقے میں بھی اسٹیٹ ایجنٹس اور پکوان سینٹرز کے موبائل نمبرز جمع کیے گئے تاکہ بھتہ خوری کی جا سکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم اس سے قبل بھی تھانہ کلفٹن کے مقدمے میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے اور حال ہی میں رہا ہوا تھا۔ واضح رہے کہ کارروائی گارڈن پولیس اور وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ طور پر کی، جس کے دوران ملزمان سے اسلحہ اور راؤنڈز بھی برآمد ہوئے۔

گرفتار ملزمان کی شناخت احمد عرف جوجو اور احمد علی عرف ملنگی کے ناموں سے ہوئی ہے، جنہیں علاج و معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ادھر ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا اور ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او اور پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباشی اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *