ہرجانہ کیس: سپریم کورٹ نے عمران خان کے خلاف ٹرائل کورٹ کی کارروائی معطل کر دی

اسلام آباد(بولونیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان نے ہرجانہ کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو عمران خان کے خلاف کارروائی سے روک دیا ہے۔ عدالتِ عظمیٰ نے شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔

جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ٹرائل کورٹ کی کارروائی پر حکمِ امتناع جاری کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ اس مقدمے کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔

دورانِ سماعت جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیے کہ اس مقدمے میں ان کا اختلافی نوٹ موجود ہے، جبکہ دو ججز نے بانی پی ٹی آئی کا حقِ دفاع ختم کرنے کے فیصلے کو درست قرار دیا تھا۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل کو ٹانگ میں گولی لگی تھی اور شدید زخمی ہونے کے باعث وہ ٹرائل کورٹ میں پیش نہیں ہو سکے۔ وکیل کے مطابق اس کے باوجود ٹرائل کورٹ نے عدم پیروی کی بنیاد پر بانی پی ٹی آئی کا حقِ دفاع ختم کر دیا۔

جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کہ جب ٹرائل کورٹ نے دو مختلف تاریخوں پر بانی پی ٹی آئی کے زخمی ہونے کو تسلیم کیا تھا تو ایسی صورت میں حقِ دفاع کیسے ختم کیا جا سکتا ہے۔ عدالت نے ان حالات پر سوالات اٹھاتے ہوئے ٹرائل کورٹ کی کارروائی معطل کر دی۔

عدالتِ عظمیٰ نے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *