رشوت لے کر امیگریشن کلیئر کرنے کا الزام ثابت، ایف آئی اے کے 2 اہلکار گرفتار

اسلام آباد(بولونیوز)مسافروں سےرشوت لے کر امیگریشن کلیئر کرنے کے الزامات ثابت ہونے پر وفاقی تحقیقاتی ادارہ کے دو اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق رشوت کے بدلے امیگریشن کلیئر کرنے کے معاملے میں دو اہلکاروں کے ساتھ چار مسافروں کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سیل ونگ کی جانب سے درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق تحقیقات کے دوران ایک ایف آئی اے اہلکار نے اعتراف کیا کہ اس نے ایک ہفتے کے دوران 12 مسافروں سے رقم وصول کر کے امیگریشن کلیئر کی۔

اس حوالے سے عثمان انور (ڈی جی ایف آئی اے) نے کہا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ادارے میں کالی بھیڑوں کی کوئی گنجائش نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے میں شفافیت اور احتساب کے عمل کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *