پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی مستعفی ہوگئے
لاہور(بولونیوز)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔میڈیا سے گفتگو میں طارق بگٹی نے کہا کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیرِ اعظم شہباز شریف کو بھیج دیا ہے اور وزیرِ اعظم و فیلڈ مارشل سے درخواست کی ہے کہ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو تحقیقات کرے۔
طارق بگٹی نے بدانتظامی کا ذمہ دار پاکستان اسپورٹس بورڈ کو قرار دیتے ہوئے عماد شکیل بٹ پر ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ہاکی پر 2 سال کی پابندی کا اعلان کیا۔
صدر ہاکی فیڈریشن نے کہا کہ پرو ہاکی لیگ کے لیے فنڈز پاکستان اسپورٹس بورڈ کے پاس تھے، لیکن بورڈ چیزیں سنبھالنے میں مکمل طور پر ناکام رہا۔ ہاکی فیڈریشن کے پاس اتنے فنڈز نہیں تھے کہ وہ سب معاملات خود سنبھال سکے، اور اسی وجہ سے دورۂ آسٹریلیا میں مشکلات پیش آئیں۔
انہوں نے بتایا کہ آسٹریلیا میں ہوٹل بکنگ کے لیے پی ایس بی نے رقم وقت پر ادا نہیں کی، اور جب وہ خود فنڈز لینے گئے تو بتایا گیا کہ رقم پہنچنے میں دو ماہ لگیں گے۔
طارق بگٹی نے اپنی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ورلڈ رینکنگ 18 ویں تھی اور اب 13 ویں پوزیشن ہے، اور امید ہے کہ ٹیم جس کوالیفائی راؤنڈ کے لیے جا رہی ہے، وہاں اچھا پرفارم کرے گی۔


