ایف سی ہیڈ کوارٹر پر کواڈ کاپٹر سے فائرنگ، حوالدار شہید، کئی جوان زخمی
ڈیرہ اسماعیل خان(بولونیوز) فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈ کوارٹر کے مین گیٹ پر آج صبح ایک کواڈ کاپٹر سے دو گولے فائر کیے گئے، جس کے نتیجے میں حوالدار امجد شہید ہو گئے جبکہ دو جوان زخمی بھی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ تحصیل درازندہ کے علاقے میں پیش آیا اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور کواڈ کاپٹر کی سمت اور حملے کے محرکات کا اندازہ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔
ایف سی حکام نے زخمی جوانوں کی حالت مستحکم بتائی ہے اور کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات مکمل کر کے ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے گی۔


