سانحہ گل پلازا، جوڈیشل کمیشن 8 ہفتوں میں تحقیقات مکمل کرے گا

کراچی(بولونیوز)سانحہ گل پلازا کی جوڈیشل انکوائری کے لیے قائم کمیشن 8 ہفتوں کے اندر اپنی تحقیقات مکمل کرے گا۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جوڈیشل کمیشن گل پلازا میں پیش آنے والے واقعے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے گا۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن عمارت کی منظوری، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی جانب سے لیز میں توسیع، اور تعمیرات کے دوران بلڈنگ پلان کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لے گا۔ کمیشن اس بات کا بھی جائزہ لے گا کہ واقعے کے وقت عمارت میں موجود افراد کے انخلا کے دوران کن مشکلات کا سامنا رہا۔

مزید برآں جوڈیشل کمیشن اپنے طے شدہ ٹی او آرز کے تحت آگ سے بچاؤ اور آگ پر قابو پانے کے انتظامات، سیفٹی اقدامات، گل پلازا کے فائر آڈٹ اور اس سے متعلق سفارشات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیشن آگ لگنے کی وجوہات، ریسکیو آپریشن کی نوعیت اور افادیت کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ آگ لگنے سے قبل اور بعد کے ذمہ داران کا بھی تعین کرے گا۔ کمیشن اپنی رپورٹ مقررہ مدت کے اندر متعلقہ حکام کو پیش کرے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *