چیف جسٹس عالیہ نیلم کا تاریخی اقدام، پنجاب کے ججز کی کارکردگی عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ

لاہور(بولونیوز)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے عدالتی تاریخ میں پہلی مرتبہ پنجاب کی ماتحت عدلیہ کے ججز کی روزانہ بنیادوں پر کارکردگی عوام کے لیے شائع کرنے کا تاریخی فیصلہ کر لیا۔

چیف جسٹس کے حکم پر اس مقصد کے لیے خصوصی سافٹ ویئر تیار کیا گیا ہے، جس کے ذریعے عوام ایک کلک پر ججز کی کارکردگی دیکھ سکیں گے۔ سافٹ ویئر میں یہ معلومات شامل ہوں گی کہ روزانہ کتنے مقدمات دائر ہوئے، کتنے نمٹائے گئے اور کتنے زیر التوا ہیں۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ عوام کا حق ہے کہ وہ جان سکیں کہ ججز کیا کام کر رہے ہیں، اور اس اقدام سے کام نہ کرنے والے ججز کے احتساب میں بھی آسانی ہوگی۔

ایڈیشنل رجسٹرار آئی ٹی نے چیف جسٹس کو نئے سافٹ ویئر پر بریفنگ دی، جس کے بعد چیف جسٹس نے اسے فوری طور پر لاہور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ کے ساتھ لنک کرنے کا حکم دے دیا۔

اس فیصلے سے نہ صرف بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ انتظامی سطح پر شفافیت اور احتساب بھی فروغ پائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *