ملک کے شمالی و بالائی علاقوں میں شدید برفباری، رابطہ سڑکیں بند، سیاح اور مسافر پھنس گئے
پشاور(بولونیوز)ملک کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں موسمی حالات انتہائی سنگین ہو گئے ہیں، جہاں شدید برفباری اور بارش کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں اور مسافر و سیاح مختلف مقامات پر پھنس گئے ہیں۔
شیلاباغ کے قریب پھسلن کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔ کوئٹہ میں بھی موسم سرما کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔
ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں بارش اور برفباری کے باعث تقریباً 100 گاڑیاں روڈ پر پھنس گئیں، جن میں سے 35 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
شانگلہ میں شدید برفباری کے بعد بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا، جبکہ چترال میں بھی برفباری کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں آمدورفت کے لیے بند ہیں۔
گلگت بلتستان کے ضلع استور کے بالائی علاقوں میں دو سے تین فٹ تک برف باری ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں تمام زمینی رابطے منقطع ہو گئے اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
مری میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے مری ایکسپریس وے کو جزوی طور پر عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور سیاحوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔


