نجی کالج کی طالبہ کی دوسری منزل سے چھلانگ، حالت تشویشناک

نارووال(بولونیوز)نارووال میں ایک نجی کالج کی طالبہ نے مبینہ طور پر دوسری منزل سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او نارووال نوید ملک موقع پر پہنچ گئے اور واقعے کی انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ طالبہ مہوش کمپیوٹر سائنس کے پانچویں سمسٹر کی طالبہ ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق طالبہ نے مبینہ طور پر گھریلو مسئلے کے باعث یہ قدم اٹھایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ دوسرے کیمپس سے متعلقہ بلاک میں آئی اور وہاں سے چھلانگ لگائی۔

حادثے کے نتیجے میں طالبہ کے سر پر گہرے زخم آئے جبکہ بائیں ٹانگ بھی ٹوٹ گئی۔ زخمی طالبہ کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی اور تشویشناک حالت کے پیشِ نظر اسے لاہور ریفر کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او نارووال نوید ملک کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔ پولیس نے کالج انتظامیہ اور متعلقہ افراد سے بھی معلومات حاصل کرنا شروع کر دی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *