گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا آتشزدگی سے متاثرہ گل پلازہ کا دورہ، فوری ریسکیو اقدامات کی ہدایت

کراچی(بولونیوز)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایم اے جناح روڈ پر آتشزدگی سے متاثرہ گل پلازہ کا دورہ کیا اور موقع پر جاری امدادی و ریسکیو کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ گورنر سندھ نے ریسکیو حکام سے آگ لگنے کی وجوہات، نقصانات اور امدادی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی حاصل کی۔

اس موقع پر کامران ٹیسوری نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کو بچانا اولین ترجیح ہے۔ انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ واقعے کے وقت عمارت میں 100 سے زائد افراد موجود تھے، لہٰذا لوگوں کو بحفاظت نکالنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ گل پلازہ میں ہزاروں دکانیں قائم ہیں، دکانداروں کو آئندہ اپنی اور دیگر افراد کی حفاظت کے لیے فائر سیفٹی انتظامات کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسی عمارتوں میں حفاظتی اقدامات پر کسی قسم کی غفلت ناقابلِ قبول ہے۔

دریں اثنا، وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور ایم کیو ایم کے سینئر رہنما فاروق ستار نے بھی گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *