مئی کی جنگ کے بعد پاکستانی جنگی جہازوں کی مانگ میں اضافہ،معیشت کے لیے فائدہ مند ہوگی
اسلام آباد(بولونیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مئی کی جنگ کے بعد پاکستانی جنگی جہازوں کی عالمی سطح پر مانگ میں اضافہ ہوا ہے اور کئی ممالک اس حوالے سے پاکستان کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نے معاشی میدان میں کم عرصے میں قابل ذکر پیش رفت دکھائی ہے اور افواج پاکستان نے تیمور ویپن سسٹم کو کامیابی سے لانچ کر کے دفاعی قوت میں اضافہ کیا ہے۔ شہباز شریف نے افواج پاکستان کو تیمور ویپن سسٹم کی کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دفاعی پیداوار کو تقویت ملنے سے معیشت کو بھی فائدہ ہوگا۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان کی کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوگا اور انشاءاللہ ملک سے دہشت گردی کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی چمن شاہراہ پر کام جاری ہے اور اسے 2 سال میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے اس سڑک کی تعمیر ممکن ہو رہی ہے۔
وزیراعظم نے بلوچستان میں کسانوں کے لیے 75 ارب روپے کے زرعی پیکج، سولر انرجی کے ذریعے فصلوں کی آبپاشی اور اس سال 7 دانش اسکولوں کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ ان اسکولوں میں ہزاروں بچوں کو وظائف اور ایک لاکھ لیپ ٹاپس تقسیم کیے جائیں گے۔


