کراچی کے شہری ای چالان دینے کو تیار، بھاری جرمانے قابلِ قبول نہیں: منعم ظفر خان
کراچی(بولونیوز)امیر جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی کے شہری ای چالان دینے کے لیے تیار ہیں، تاہم ہزاروں روپے کے بھاری جرمانے کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ ای چالان کی رقم پر فوری نظرِ ثانی کی جائے، بصورتِ دیگر حکومت کو یہ بھاری بھرکم چالان واپس لینا پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں 40 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں، جن پر عوام کی بڑی تعداد سفر کرتی ہے، ایسے میں بھاری جرمانے عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہیں۔
امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ کراچی کے حق کے لیے جدوجہد جاری رہے گی، یہاں کے لوگ محنت کرتے ہیں تو یہی شہر صوبے اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کراچی کے عوام اپنا حق چھین کر لینا جانتے ہیں اور اس حوالے سے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔


