ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ عمران خان کو بلاجواز جیل میں رکھا جائے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
کراچی(بولونیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمد سہیل آفریدی نےکہا ہے کہ عمران خان جیسا حکم دیں گے، تحریک انصاف کے کارکنان ویسا ہی کریں گے، اور ہم کسی صورت یہ اجازت نہیں دیں گے کہ ہمارے قائد کو بلاجواز جیل میں رکھا جائے۔نمائش چورنگی پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کارکنوں کو احتجاج کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ دونوں صوبوں میں پی ٹی آئی کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا گیا، تاہم اس کے بعد اگلا پڑاؤ خیبرپختونخوا میں ہوگا۔
سہیل آفریدی کاکہناتھا کہ اسٹریٹ موومنٹ کےذریعےعمران خان کاپیغام ملک بھرمیں پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے سندھ اور بالخصوص کراچی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے باہر نکل کر ثابت کر دیا ہے کہ قوم آج بھی عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نےکہا کہ جو لوگ یہ سمجھ رہےتھےکہ عمران خان کی سیاست ختم ہو چکی ہے وہ آج کا مجمع دیکھ لیں۔ جس دن عمران خان نے پیغام دیا، عوام ہر جگہ تیار ہوں گے۔ کراچی کے عوام نے ثابت کیا ہے کہ بغیر سہولیات کے بھی بڑا اور کامیاب جلسہ کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوانے الزام عائد کیا کہ حکومت سندھ نے جلسے میں رکاوٹیں ڈالیں، لیکن عوام نے تمام رکاوٹیں ہٹا کر جلسے کو کامیاب بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے لاکھوں کے اجتماع نے ثابت کر دیا ہے کہ کراچی کی نمائندہ جماعت تحریک انصاف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ جمہوریت کے دعویدار تھے وہ جمہوریت پسند ثابت نہیں ہوئے۔ سہیل آفریدی کے مطابق حکومت سندھ نے سندھی ٹوپی اور اجرک کی بے حرمتی کی ہے جسے عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔وزیراعلیٰ نے الزام لگایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے دیگر قوتوں کے ساتھ مل کر آئین کے ڈھانچے کو تبدیل کیا ہے اور سندھ میں پیپلز پارٹی کی ڈکٹیٹرشپ قائم ہے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ عوام ڈی چوک جانے کے لیے تیار ہیں اور عمران خان کی کال کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ جذبہ اور جوش برقرار رکھیں کیونکہ کسی کو عوامی حقوق سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔آخر میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہونے والی فسطائیت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور تحریک انصاف کا راستہ روکا نہیں جا سکتا۔


