جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام، 4 مسافر آف لوڈ
اسلام آباد(بولونیوز)ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ائرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے 4 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔
مسافروں میں محمد عمران، میاں توصیف، سلطان افضل اور عبدالرحمان شامل ہیں، جو فلائٹ نمبر CZ8070 کے ذریعے نیوزی لینڈ ورک ویزے پر جا رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق مسافروں کے ورک ویزے جعلی نکلے اور ان کے پاسپورٹس پر راولپنڈی، ایبٹ آباد اور پشاور دفاتر کی پروٹیکٹر اسٹمپ لگی ہوئی تھی۔
مسافروں کو مزید کارروائی اور ایجنٹ کی نشاندہی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔


