ایف آئی اے ہیڈکواٹرز میں پبلک فیسیلیٹیشن سینٹر کا افتتاح، اصلاحات کا عمل جاری

اسلام آباد(بولونیوز) ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار کی ہدایت پر ادارے میں اصلاحات اور تنظیم نو کا عمل جاری ہے اور اس کے تحت ایف آئی اے ہیڈکواٹرز میں پبلک فیسیلیٹیشن سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ سینٹر کا باضابطہ افتتاح ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے امیگریشن ونگ محمد جعفر نے کیا، جس کے موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن سرفراز خان ورک اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

پبلک فیسیلیٹیشن سینٹر شہریوں کو مختلف عوامی خدمات ایک ہی مقام پر فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ سینٹر میں تین کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں شہری انفارمیشن کاؤنٹر سے ایف آئی اے کی خدمات اور شکایات کے طریقہ کار سے متعلق رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔ شہری اپنی شکایات بروقت جمع کروا سکیں گے اور اسپیشل کاؤنٹر کے ذریعے سفری ہسٹری اور متعلقہ معلومات حاصل کر سکیں گے۔

افتتاح کے موقع پر ایڈیشنل ڈی جی محمد جعفر نے کہا کہ ایف آئی اے عوامی خدمت کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لا رہا ہے۔ پبلک فیسیلیٹیشن سینٹر شہریوں کو سہولت، شفافیت اور بروقت معلومات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی اے جدید ٹیکنالوجی اور عوام دوست پالیسیوں کے ذریعے سروس ڈلیوری کے معیار کو بہتر بنا رہا ہے اور یہ اقدام ادارے کے وقار اور عوامی اعتماد میں اضافے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *