سرجانی ٹاؤن میں سابق منگیتر کی تشدد زدہ لاش برآمد، مقدمہ درج
کراچی(بولونیوز)سرجانی ٹاؤن میں ایک گھر سے خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ 19 سالہ کومل زوجہ فرحان کو اس کے سابق منگیتر راشد نے شادی کے بہانے گھر بلا کر آہنی راڈ کے وار کر کے قتل کیا۔
پولیس کے مطابق کومل تین روز قبل اپنے شوہر کے گھر سے بھاگ کر ملزم راشد کے پاس آگئی تھی۔ مقتولہ کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
مزید تفصیلات کے مطابق، مقتولہ کی کچھ سال قبل راشد نامی شخص سے منگنی ہوئی تھی، جو بعد ازاں روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک چلا گیا تھا۔ کافی عرصے تک رابطہ نہ ہونے پر کومل کے گھر والوں نے اس کی فرحان نامی شخص سے شادی کر دی تھی۔ چند روز قبل راشد بیرون ملک سے واپس آیا اور اس نے کومل سے رابطہ کر کے دوبارہ شادی کی خواہش ظاہر کی۔
کومل نے راشد کے کہنے پر اپنے شوہر سے خلع کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا تھا۔ پولیس کے مطابق راشد نے 12 روز قبل مذکورہ مکان کرائے پر لیا تھا، اور کومل تین روز قبل اپنے شوہر کے گھر سے بغیر بتائے بھاگ کر اسی مکان میں رہنے لگی۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم راشد نے فرار ہونے سے قبل اپنی والدہ کو فون کر کے اطلاع دی کہ اس نے کومل کو قتل کر دیا ہے۔ مقتولہ کی والدہ رافیہ زوجہ غلام حسین کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ سرجانی ٹاؤن تھانے میں قتل کی دفعہ کے تحت راشد مگسی کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔


