بھارتی آبی جارحیت میں اضافہ، چناب کے بعد دریائے جہلم اور نیلم کا پانی بھی روک لیا
لاہور(بولونیوز) بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کا سلسلہ دوبارہ تیز ہوگیا ہے، اور چناب کے بعد دریائے جہلم اور دریائے نیلم کا پانی بھی روک دیا گیا ہے، جس سے پاکستان کے دریائی بہاؤ میں تشویشناک حد تک کمی واقع ہوگئی ہے۔
انڈس واٹر کمیشن کے ذرائع کے مطابق دریائے جہلم اور دریائے نیلم میں پانی کی آمد کم ہوکر صرف 3 ہزار کیوسک رہ گئی ہے، جبکہ چار روز قبل یہ بہاؤ 5 ہزار کیوسک سے زائد تھا۔ اچانک کمی نے دریاؤں کے قدرتی نظام اور متاثرہ علاقوں میں پانی کی دستیابی کو خطرات سے دوچار کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے دریاؤں کے پانی کا رخ موڑنا سندھ طاس معاہدے کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ دریائے چناب اور دریائے جہلم میں پانی کا بہاؤ اس وقت تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکا ہے، جس پر پاکستان نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
آبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مسلسل پانی میں کمی زرعی شعبے، آبی ذخائر اور ماحولیات پر سنگین اثرات مرتب کرسکتی ہے، جبکہ متعلقہ حکام نے صورتحال پر قریبی نظر رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔


