کراچی ایئرپورٹ پر ایئر بلیو کے عملے کی لاپرواہی، مسافر کا پاسپورٹ پھٹ گیا
کراچی(بولونیوز) کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائن ایئر بلیو کے عملے کی لاپرواہی کے باعث مسافر قدرت اللہ کا پاسپورٹ پھٹ گیا، جس کی وجہ سے وہ اپنی پرواز پی اے 170 سے جدہ نہیں جا سکے۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ایئر بلیو کے کاؤنٹر پر موجود خاتون ملازمہ کرن نے مسافر کا پاسپورٹ چیک کرتے ہوئے اسٹیکر ہٹانے کے دوران اسے پھاڑ دیا۔ تحقیقات میں عملے کو قصوروار قرار دیا گیا اور ایئر لائن کے خلاف اعلی سطح کی کارروائی کی سفارش کی گئی۔
ذرائع کے مطابق، حادثے کے بعد مسافر نے انٹرنیشنل ٹرمینل سے باہر آ کر احتجاج کیا، لیکن ایئر لائن کا کوئی عملہ مسافر کی شکایت سننے کے لیے حاضر نہیں ہوا۔ ایس ایف اور ڈی ٹی ایم کے حکام موقع پر موجود تھے، تاہم کسی فوری مدد کی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ یہ واقعہ مکمل طور پر ایئر بلیو کے عملے کی لاپرواہی کا نتیجہ ہے اور مستقبل میں اس طرح کے واقعے سے بچنے کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔


