آئی ایس پی آر کا نیا ملی نغمہ ’’پاک سرزمینیوں‘‘ ریلیز کردیا گیا
اسلام آباد(بولونیوز)انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے معروف گلوکار اسرار کی آواز میں ’’پاک سرزمینیوں‘‘ کے عنوان سے نیا ملی نغمہ جاری کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ نغمہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج کی مثالی یکجہتی، وطن سے بے مثال وفا اور قربانیوں کی عظیم داستان پر مبنی ہے۔ جاری کردہ نغمے میں معرکۂ حق کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے دفاعِ وطن کی شاندار عکاسی کی گئی ہے، جبکہ خون کے آخری قطرے تک وطن کے لیے قربانیاں دینے اور ہر حال میں آگے بڑھتے رہنے کے عزم کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ نغمے میں بہادری، قربانی اور وطن کے وقار کا دلکش امتزاج پیش کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے سرحدوں کے محافظ پاک فوج کے جانبازوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے، جبکہ آسمانوں کی نگہبان پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات مندانہ کردار کو بھی خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا ہے۔ اسی طرح ملک کی بحری سرحدوں کی پاسبان پاک بحریہ کے شاندار کارناموں کو بھی نغمے میں سراہا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملی نغمے میں وطن سے محبت اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ ’’پاک سرزمینیوں‘‘ قربانی، عزم اور تجدیدِ عہدِ وفا کا بھرپور اظہار ہے جو قوم کے حوصلے اور اتحاد کی عکاسی کرتا ہے۔


