پاکستان اور سوڈان کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال سے سوڈان کے فیڈرل سیکرٹری ہیلتھ کی سربراہی میں آنے والے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں وفاقی سیکرٹری صحت حامد یعقوب سمیت وزارتِ صحت کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور مشترکہ شراکت داری کے نئے امکانات پر مفصل تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سوڈانی وفد نے پاکستان کو اپنے ملک کے صحت کے شعبے میں درپیش چیلنجز اور آئندہ پانچ برسوں پر مشتمل جامع حکمتِ عملی سے آگاہ کیا۔ وفد کے مطابق سوڈان نے 45 بڑے صحت منصوبوں کا خاکہ تیار کیا ہے، جن کے لیے طبی آلات، جدید ٹیکنالوجی، صحت مراکز میں سولر توانائی کی بحالی اور ادارہ جاتی شراکت داری کے فروغ کے سلسلے میں پاکستان سے تعاون کی درخواست کی گئی۔
وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے سوڈان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان طبی عملے کی تربیت، تکنیکی معاونت، ریگولیٹری اصلاحات اور میڈیکل ٹورزم کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
ملاقات کا اختتام اس اتفاقِ رائے پر ہوا کہ دونوں ممالک مؤثر ہم آہنگی، طویل المدتی شراکت داری اور پائیدار تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھیں گے۔


