بین الاقوامی یومِ رضاکار: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا خراجِ تحسین

کراچی(بولونیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بین الاقوامی یومِ رضاکار کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رضاکار سماج کی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ہر رضاکار کی خدمت قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے لیے کیا جانے والا ہر تعاون اہمیت رکھتا ہے اور عالمی سطح پر آج کا دن انہی بے لوث خدمت گزاروں کے نام ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ رضاکاری ایک بین النسلی سلسلہ ہے جو نسلوں کو آپس میں جوڑتا ہے اور معاشرے کو مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں رضاکارانہ خدمات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں رضاکاروں کے کردار کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر سال 5 دسمبر کو دنیا بھر میں رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے عالمی دن منایا جاتا ہے، جبکہ سال 2026ء کو عالمی سطح پر ’’پائیدار ترقی کے لیے رضاکاروں کا سال‘‘ قرار دیا جائے گا، جو رضاکاروں کی اہمیت کا عالمی اعتراف ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان بالخصوص سندھ کے عظیم سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کو مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا بھر کے رضاکاروں کے لیے روشنی کا مینار ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ہر فرد رضاکاری کی مضبوط روایت کا حصہ بنے تاکہ معاشرہ زیادہ مستحکم، باہمی تعاون پر مبنی اور انسانیت دوست بن سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *