عباسی شہید اسپتال کی ابتر صورتحال پر جماعت اسلامی کی تنقید، میئر کراچی کو ذمہ دار قرار
کراچی(بولونیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے عباسی شہید اسپتال کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کا ذمہ دار میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو قرار دیا ہے۔
عباسی شہید اسپتال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ اسپتال کے ڈاکٹرز کو گزشتہ ڈھائی ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، جس کے باعث وہ اپنے حقوق اور تحفظ کے لیے احتجاج پر مجبور ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اسپتال کے عملے کو تنخواہیں دینے کے لیے تیار نہیں، جبکہ میئر کراچی کے پاس ڈاکٹرز سے ملاقات کے لیے بھی وقت نہیں ہے۔
منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے عباسی شہید اسپتال کو مطلوبہ فنڈز فراہم نہیں کیے جا رہے، جس کے باعث اسپتال میں چائلڈ او پی ڈی بند ہو چکی ہے اور مختلف شعبے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی تنخواہیں فوری ادا کی جائیں اور اسپتال کو درپیش مالی و انتظامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔


