عظیم سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کو بچھڑے 10 برس بیت گئے
کراچی(بولونیوز)پاکستان کی معروف سماجی شخصیت اور انسان دوست عبدالستار ایدھی کو دنیا سے رخصت ہوئے 10 برس بیت گئے، مگر دکھی انسانیت کی خدمت کا ان کا مشن آج بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری ہے۔
عبدالستار ایدھی نے بلا تفریق مذہب، نسل اور قومیت ضرورت مند افراد کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا۔ انہوں نے 1951ء میں ایک چھوٹی سی ڈسپنسری سے فلاحی خدمات کا آغاز کیا، جو بعد ازاں ایدھی ٹرسٹ کی صورت میں ملک کے سب سے بڑے فلاحی نیٹ ورک میں تبدیل ہوگیا۔
ایدھی ٹرسٹ آج بھی ایمبولینس سروس، یتیم خانوں، شیلٹر ہومز، ڈسپنسریوں، لاوارث بچوں کی کفالت، میتوں کی تدفین اور دیگر فلاحی خدمات کے ذریعے لاکھوں ضرورت مند افراد کی مدد کر رہا ہے۔
عبدالستار ایدھی کی انسان دوستی، سادگی اور بے لوث خدمت کا جذبہ آج بھی پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے، جبکہ ان کی برسی کے موقع پر مختلف سماجی، فلاحی اور سرکاری حلقوں کی جانب سے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔


