پیپلزپارٹی کے خلاف 25 جولائی سے ایم کیو ایم پاکستان کی احتجاجی تحریک کا اعلان

کراچی(بولونیوز) ایم کیو ایم پاکستان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف 25 جولائی سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تحریک کا آغاز کراچی کے شاہ فیصل ٹاؤن سے کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم مرکز بہادرآباد پر احتجاجی تحریک کی حکمتِ عملی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائم خانی، امین الحق سمیت ذمہ داران اور قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ احتجاجی جلسوں میں سندھ حکومت کے مبینہ مظالم، تعصب، کرپشن اور نااہلی کے خلاف عوامی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا۔ اس دوران پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کے خلاف وائٹ پیپر بھی جاری کیا جائے گا۔

ایم کیو ایم کے مطابق شاہ فیصل ٹاؤن کے بعد کراچی کے تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جس کے بعد ایک بڑے گرینڈ احتجاج کا انعقاد کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ گرینڈ احتجاج کے لیے شاہراہ فیصل، مزارِ قائد کے قریب باغِ جناح سمیت دیگر مقامات زیرِ غور ہیں۔ ایم کیو ایم قیادت کا کہنا ہے کہ احتجاجی تحریک کو پرامن مگر بھرپور انداز میں کامیاب بنایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *