نیٹو پر سب سے زیادہ خرچ ہم کرتے ہیں، اتحادی ممالک امریکا پر انحصار چھوڑیں، ٹرمپ
واشنگٹن(بولونیوز)امریکی صدر Donald Trump نے ایک بار پھر نیٹو اتحادیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو پر سب سے زیادہ اخراجات امریکا برداشت کرتا ہے، جبکہ دیگر رکن ممالک اپنے دفاع کے لیے مناسب سرمایہ کاری نہیں کرتے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان میں کہا کہ اتحادی ممالک کو امریکا پر انحصار ختم کر کے اپنے دفاعی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس موقع پر NATO کے رکن ممالک برطانیہ، فرانس، اٹلی، پولینڈ اور جرمنی کے دفاعی اخراجات کا موازنہ بھی پیش کیا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کئی اتحادی ممالک نیٹو کی طے شدہ ذمہ داریوں کے مطابق دفاع پر خرچ نہیں کر رہے، جس کا بوجھ امریکا کو اٹھانا پڑتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر اتحاد کو مضبوط بنانا ہے تو تمام رکن ممالک کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ٹرمپ کا یہ بیان نیٹو کے اندر دفاعی اخراجات کے مسئلے پر ایک بار پھر بحث کو تیز کر سکتا ہے، جبکہ یورپی اتحادیوں کی جانب سے اس پر ردِعمل آنے کا بھی امکان ہے۔


