لاہور میں ڈکیتی کے دوران ایک اور شہری قتل، شاہدرہ بیگم کوٹ میں واردات
لاہور(بولونیوز) لاہور کی سڑکوں پر ڈاکوؤں نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا۔ شہر کے علاقے شاہدرہ بیگم کوٹ میں دورانِ ڈکیتی ایک شہری کو قتل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت بشیر کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک شریف شہری اور غریب مزدور تھا۔ ڈاکوؤں نے بشیر کو کھیتوں میں گن پوائنٹ پر روکا، اس سے نقدی اور دیگر سامان لوٹا، اور مزاحمت کرنے پر گولی مار دی۔ واردات کے بعد ملزمان لاش کھیتوں میں پھینک کر فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سٹی سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
مقتول کی ڈیڈ باڈی کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ دورانِ ڈکیتی قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ڈی کی ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔
سی سی ڈی افسران کا کہنا ہے کہ شہری کو ناحق قتل کرنے والے ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔


